کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا۔
بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس بدھ کو ہوا، صوبائی اسمبلی کے اجلاس کیلئے انتظامات مکمل کیے گئے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے، اس لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پریزائیڈنگ نامزد کیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی کے 57 نومنتخب اراکین نے رکنیت کا حلف اٹھالیا، رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے اراکین سے حلف لیا۔
جام کمال خان، صادق سنجرانی، سردار اختر مینگل اور سرفراز بگٹی حلف برداری کے لیے اسمبلی نہیں پہنچے۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی کل دوپہر 12 بجے تک سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں۔