میلبورن: تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں سخت مقابلے کے بعد پاکستان کو آسٹریلیا نے 2 وکٹ سے شکست دے دی۔
204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی 185 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے، اس موقع پر کپتان پیٹ کمنز نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو میچ جتوادیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے بیٹںگ شروع کی تو متیھیو شارٹ 19 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ اوپنر جیک فریزر 16 رنز بنا کر 28 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلز کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے، 113 رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹیو اسمتھ 44 نز بناکر آؤٹ ہوگئے، 139 کے مجموعی اسکور پر جوش انگلز 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ مارنس لبوشین 16 اور گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ آرون ہارڈی 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں قومی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو صائم ایوب ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ تین رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 24 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی 12رنز بنا کر چلتے بنے۔
دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان 39 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن یہاں بابراعظم 37 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کامران غلام 5 رنز اور سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کپتان محمد رضوان 44 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار بیٹھے اور مارنس لبوشین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 24 رنز بنائے لیکن 148 کے مجموعی اسکور پر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ڈیبیو کرنے والے عرفان خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے اور حارث رؤف صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ نسیم شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔
مچل اسٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
مچل اسٹارک کو عمدہ گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔