لاہور: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے مقبول اداکار قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔ آج اُن کی پہلی برسی منائی جارہی ہے۔
پی ٹی وی کے چند اولین فنکاروں میں شمار ہونے والے قوی خان کو فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز، نشان امتیاز سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
سالہا سال تک اپنی اداکاری کے باعث ناظرین کو اپنا گرویدہ بنالینے والے محمد قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ریڈیو پاکستان سے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام شروع کیا۔
1964 میں پی ٹی وی سے باقاعدہ اداکاری کا آغاز کیا اور متعدد ڈراموں میں لازوال کردار ادا کیے جب کہ اندھیرا اجالا ڈرامے میں پولیس افسر کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔
قوی خان نے 1965 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان سمیت دو سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اداکار قوی خان پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، بعد میں انہیں ناقابل فراموش اداکاری کے اعتراف میں ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا-
پاکستان شوبز انڈسٹری کا یہ روشن ستارہ 5 مارچ 2023 کو کینیڈا میں ہمیشہ کے لیے غروب ہوگیا۔ وہیں آسودۂ خاک ہوئے۔