اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت معیشت کو دستاویزی بنانا چاہتی ہے لہٰذا معیشت کو دستاویزی بنانے کی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنزکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ادارے کو خودمختار بنانا چاہتی ہے اور اس حکمت عملی کے تحت اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک پر حکومتی کنٹرول کے خاتمے کا تاثر درست نہیں، ضمنی مالیاتی بل سے عام آدمی پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر بھی موجود تھے۔