اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکر گڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکھ کمیونٹی سے خطاب میں اُن کی تمام عبادت گاہوں کی جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی۔
سکھ کمیونٹی نے سیلاب متاثرہ دربار صاحب کرتار پور میں بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کرتار پور دورے اور بروقت امدادی کارروائیوں کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔
سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، فیلڈ مارشل نے کہا جہاں ضرورت ہوگی ہمارے ہیلی کاپٹر موجود ہوں گے، اس پر بھی بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان ہماری دھرتی اور ہماری جان ہے، سول انتظامیہ بھی ہمارے ساتھ کھڑی رہی، اُن کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان آخری شخص کی بحفاظت منتقلی تک کھڑے رہے، پاکستان اور سکھ کا رشتہ ایسے ہے جیسے ناخن کا گوشت کے ساتھ، پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سکھ کمیونٹی کے ساتھ بیٹھنے سے پوری دنیا کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا، دنیا کو جب پتا چلے گا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود کرتار پور کا دورہ کیا تو سکھوں کامان مزید بڑھے گا۔
رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ آکر کہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے، سکھ یاتری جب پاکستان سے ہو کر واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں، سکھ یاتری کہتے ہیں کہ جتنا پیار ملا ہے دل نہیں کرتا کہ پاکستان چھوڑ کر واپس جائیں۔
آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیگر سکھ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو سکھ کمیونٹی کا مان بڑھایا اس پر پوری دنیا کے سکھوں کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، سیلاب کے بعد 24 گھنٹے میں جو آپ نے کیا اس کیلئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
سکھ رہنماؤں نے کہا کہ کرتاپور صاحب کیلئے آپ نے جو کیا اس پر بھرپور شکر گزار ہیں، دنیا بھر کے سکھوں کا سر پاکستان کی طرف عقیدت و احترام کے ساتھ جھکتا ہے، دنیا بھر کے سکھوں کا پیار اور ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں، پوری دنیا کے سکھ آپ کے مشکور ہیں، پاکستان ہمارے لیے حقیقی طورپر جنت ہے، پاک فوج سیلاب جیسی قدرتی آفت میں پاکستان کے عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے ہمیشہ پیش پیش ہے۔