واشنگٹن: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کے صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کی، جس میں تجارت اور توانائی سمیت ایران اسرائیل تنازع پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، اس دوران امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ امور کے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف جب کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اعلیٰ سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی، جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کے چیلنجز سمجھنے کی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کی ملاقات میں تجارت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی اور کرپٹو کرنسی سمیت کئی شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی جب کہ ملاقات میں صدر ٹرمپ نے پاکستان سے طویل مدتی اسٹرٹیجک اشتراک اور مشترکہ مفادات پر مبنی تجارتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں جانب سے ایران اور اسرائیل تنازع کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل اور امریکی صدر کی ایک گھنٹے کی شیڈول ملاقات 2 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی، جس میں صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کُن کردار کو سراہا جب کہ فیلڈ مارشل نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو مناسب موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔
ٹرمپ نے کہا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان، ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے، پاکستانی اس صورت حال پر خوش نہیں ہیں۔