اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ایف آئی اے نے پارٹی کو فنڈ دینے والی تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کی ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں اور شخصیات کا ریکارڈ فراہم کریں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی، نیز مختلف ممالک کی کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے وصول رقم کی الگ الگ تفصیل فراہم کی جائے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 1996 سے لے کر اب تک کی تمام تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔
خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے تمام اکاؤنٹس کھولے جانے سے لے کر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کی جائے، پارٹی کے تمام عہدیداروں کی فہرست اور شناختی کارڈ نمبرز فراہم کیے جائیں، ان افراد کے نام فراہم کیے جائیں جنہیں پارٹی اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کی اجازت تھی، اب تک پارٹی کے مالی امور دیکھنے والے بورڈ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور جنرل سیکریٹری کو تمام ریکارڈ 15 دن کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو معاملے کی تحقیقات کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔