کراچی: بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر اداکار فیروز خان نے کئی شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا۔
سوشل میڈیا پر فیروز خان نے قانونی نوٹس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
ہتک عزت کے قانونی نوٹس میں ان کی سابقہ اہلیہ علیزہ فاطمہ، اداکارہ منال خان، ایمن خان، ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے، یاسر حسین، میرا سیٹھی، ثروت گیلانی، گلوکار و اداکار فرحان سعید، گلوکار عاصم اظہر، مصدق ملک اور عثمان خالد بٹ کے نام شامل ہیں۔
فیروز خان کی جانب سے ارسال کیے گئے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا کہ مذکورہ شوبز شخصیات معافی مانگیں یا پھر ہتک عزت کے لیے 20 ملین جرمانہ ادا کریں۔
اداکار فیروز خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ان کے خلاف جھوٹ بولا، انہیں اب معافی مانگنی پڑے گی۔
خیال رہے کہ فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ کی جانب سے اداکار پر لگائے گئے تشدد کے الزامات اور تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف ردِعمل دیا تھا۔