اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سولر پینل پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سولر پینل پر بجٹ میں عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کو کم کرکے 10 فیصد کرنے کا اعلان کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظرثانی کی ہے، بجٹ پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس صوبوں کا حق ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کی جامعات کے لیے مختص رقم 2 ارب 60 کروڑ سے بڑھاکر 4 ارب 60 کروڑ کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے قائمہ کمیٹی خزانہ نے مسترد کردیا تھا۔