انتخابات سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اندیشہ

اسلام آباد: 8 فروری کو موعودہ عام انتخابات سے قبل ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے اندیشے ظاہر کیے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد اس بار نگراں حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نگراں حکومت کی جانب سے 31 جنوری سے 15 فروری تک کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے بعد کیا جائے گا۔
اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے تو یہ یکم نومبر 2023 کے بعد پہلا اضافہ ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار صورت حال مختلف ہوگی، کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مشرق وسطیٰ میں حوثی باغیوں کے بحرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر پڑے گا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پٹرول کی قیمت 83 ڈالر سے بڑھ کر 89 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 93 ڈالر سے بڑھ کر 97 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ کروڈ آئل بھی 76 ڈالر سے بڑھ کر 80 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مستحکم ہونے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کم اضافہ متوقع ہے، بصورت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں زیادہ اضافہ ہوسکتا تھا۔

 

Before ElectionPakistanPetroleum productRate Increase expectedWorld Market Rate Rising