اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے درخواست نیپرا کو جمع کرادی گئی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی مہنگی کرنے کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کرا دی، جس کے تحت ایک ماہ کے لیے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
اضافہ فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ درخواست من و عن منظور ہونے پر صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق فروری میں 6 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، جس میں پانی سے 24.77 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
فروری میں مقامی کوئلے سے 13.94 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 1.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 11.04 اور درآمدی ایل این جی سے 20.33 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ جوہری ایندھن سے 23.29 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 28 مارچ کو سماعت کرے گا۔