کراچی: ٹی وی کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ خواتین ڈرامے دیکھ کر اپنے شوہروں پر شک کرتی ہیں لہٰذا آپ ڈراموں کو ڈرامہ ہی سمجھ کر دیکھیں۔
فضیلہ قاضی نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا کہ میں نے اپنے شوہر قیصر نظامانی پر کبھی شک نہیں کیا، کیونکہ ایسا وہی خواتین کرتی ہیں جو فارغ ہوتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم کسی سے شادی کرنے کا فیصلہ اُسی وقت کرتے ہیں جب ہمیں اُس کے بارے میں سب کچھ معلوم ہوتا ہے تو پھر شادی کے بعد اگر میاں بیوی ایک دوسرے پر شک کرتے ہیں تو اس سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے۔
فضیلہ قاضی نے کہا کہ میں خواتین کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ آپ اپنے شوہروں پر شک کرنے کے بجائے اپنے لیے کچھ مصروفیت ڈھونڈ لیں کیونکہ فارغ وقت میں ہی خواتین کے ذہنوں میں شوہر کے خلاف شک بھرے خیالات آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل ماحول بہت خراب ہے، خواتین اپنے بچوں سے جان چُھڑوانے کے لیے اُنہیں موبائل فون پکڑا دیتی ہیں اور پھر خود سارا دن ٹی وی دیکھتی رہتی ہیں تو اس طرح خواتین کے ذہنوں میں سازشیں ہی تیار ہوتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر خواتین کسی ڈرامے میں شوہر کو بے وفائی کرتا دیکھ لیتی ہیں تو پھر وہ خود بھی اپنے شوہر کے بارے میں وہی سب سوچنے لگتی ہیں اور شوہر پر شک کرتی ہیں۔
فضیلہ قاضی نے مشورہ دیا کہ خواتین ڈراموں کو ڈرامے کی حد تک ہی دیکھیں اور خود کو اپنے بچوں اور گھر کے کاموں میں مصروف رکھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اور میرے شوہر و اداکار قیصر نظامانی نے مل کر ہمارے بچوں کی تربیت کی ہے، قیصر صاحب گھر کے کاموں میں بھی میری مدد کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا چھوٹا بیٹا بہت اچھا کھانا پکاتا ہے جب کہ میری بڑی بہو نے بھی سُسرال آکر مختلف پکوان پکانا سیکھ لیے ہیں۔