میں بالکل ٹھیک، میرے متعلق جھوٹی خبر پھیلائی گئی، فیصل قریشی

کراچی: اداکار فیصل قریشی نے شدید زخمی ہونے سے متعلق یوٹیوب پر وائرل خبروں کی تردید کردی ہے۔
فیصل قریشی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر مداحوں اور دوستوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں اداکار نے کہا کہ میں لاہور سے کراچی پہنچا تو مجھے بے انتہا فون کالز اور میسجز آنے لگے اور سب مجھ سے میری خیریت دریافت کرنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوگیا کیونکہ میں تو بالکل ٹھیک ہوں، پھر مجھے پتا چلا کہ کسی یوٹیوبر نے صرف چند ویوز کی خاطر میرے حوالے سے جھوٹی خبر پھیلائی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یوٹیوبر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں (فیصل قریشی) خطرناک حادثے کا شکار ہوگیا ہوں، میں شدید زخمی ہوں اور چلنے کے قابل بھی نہیں رہا۔
فیصل قریشی نے یوٹیوب پر زیرِ گردش ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، یہ خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے، اللہ نہ کرے اگر کبھی میرے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجاتا ہے تو سب سے پہلے میری اہلیہ اور میری قریبی دوست ہی سب کو آگاہ کریں گے۔
فیصل قریشی نے مزید کہا کہ کبھی کسی یوٹیوبر کی باتوں پر یقین نہیں کریں، یہ لوگ صرف اپنے چند ویوز کے لیے ایسی خبریں پھیلاتے ہیں، میں الحمدللہ بالکل ٹھیک اور آپ سب کے سامنے ہوں۔
فیصل قریشی کا ویڈیو پیغام دیکھ کر اُن کے مداح خوش ہوگئے اور مستقبل میں اداکار کی سلامتی کے لیے دُعا بھی کررہے ہیں۔

 

Accident rumoursActorFaysal Quraishihealth