جہلم: فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کو ڈرائیور لیول کا قرار دے دیا۔
پچھلے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے سابق وفاقی وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چوہدری کا حق نہیں بنتا کہ وہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید کریں، فواد چوہدری اس روز پولیس کو دیکھ کر ایسے بھاگ رہے تھے جیسے ہتھنی بھاگ رہی ہو، فواد چوہدری کے اس بھاگنے کے عمل نے پوری پی ٹی آئی کا سر شرم سےجھکا دیا تھا۔
فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران شیر افضل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارے ڈرائیور لیول کے لوگ ہیں جو جیت کر آگئے ہیں، ان کی سیاسی خدمات کیا ہیں؟ ایسے لوگ حادثاتی طور پر سیاست میں آجاتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شیر افضل مروت نے تو اپنے بیٹے کو ہی wonderfull بے غیرت کہہ دیا، ان میں عقل ہی نہیں ہے، جب تک عمران خان جیل میں بند ہے اس وقت تک فلم بند ہے، یہ سب تو آئٹم سانگ چل رہے ہیں ان کو دیکھ کر انجوائے کریں؟