اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے۔
رحیم یار خان میں گنیش مندر واقعے سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ رحیم یارخان میں گنیش مندر کو ایک گروہ نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ خوشی ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس نے اس معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہندوستان نہیں، یہاں کوئی فاشسٹ آئیڈیالوجی حکمرانی نہیں کرسکتی، پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے، ہمارے لیے سفید رنگ بھی اتنی ہی حرمت کا حامل ہے جتنی حرمت سبز رنگ کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سفید رنگ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کی نشان دہی کرتا ہے، ہمیں پاکستانی بھائیوں کو نسل، رنگ یا عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے، ان شاء اللہ پاکستان کا مستقبل ایک ایسے ترقی پسند ملک کا ہے جہاں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہوں۔