35 لاکھ افغانیوں کا بوجھ پہلے ہی اٹھارہے، معیشت مزید اجازت نہیں دیتی: فواد

اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ہم مزید افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا سکیں۔
ترک ٹی وی چینل ٹی آرٹی کو انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی کہانی بہت پرانی ہے، ہم افغانستان کی صورت حال کا سامنا کئی دہائیوں سے کررہے ہیں، 1988 میں جب سوویت یونین افغانستان سے گیا تو ہمیں ان مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو سوویت یونین افغانستان میں چھوڑ آیا تھا۔ اب جب امریکی اور نیٹو فورسز افغانستان سے جارہی ہیں تو ہمیں پھر اسی دوراہے پر کھڑا کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے اگر افغانستان میں استحکام نہ آیا تو لاکھوں افغان پاکستان کا رخ کریں گے، ہم پہلے ہی 35 لاکھ افغانیوں کا بوجھ اٹھارہے ہیں، ہماری معیشت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ہم مزید افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھاسکیں، ہم افغانستان کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں تاکہ افغانستان میں ایک منظم حکومت کا قیام ہوسکے۔ اگر مسئلہ افغانستان کے بارے میں پاکستان کے مشوروں کو نظرانداز کیا گیا تو دنیا کو نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Afghan refugeesAfghanistanFawad ChaudharyInformation and broadcasting MinisterInterviewTurkish TV