کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے شہباز گل کی میڈیکل رپورٹس کو جعلی قرار دیتے ہوئے آزاد میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کردیا۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کراچی میں جلسہ کرنے جارہی ہے اور عمران خان کل کراچی آرہے ہیں، کراچی میں کل تاریخی جلسہ ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز گل استعارہ بن گئے ہیں انہوں نے ظلم سہا ہے، انہیں قید و بند میں رکھا گیا، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کہی جو ن لیگ کے لیڈرز نے نہ کہی ہو۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو دمے کی بیماری ہے، ان کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ قابل مذمت ہے، ان پر ٹارچر کے خلاف عالمی ردعمل آرہا ہے، شہباز گل کی جعلی رپورٹس بنائی جارہی ہیں، ان کے لیے آزاد میڈیکل بورڈ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے وزارت اعلیٰ سنبھالی اور جب وزیراعلیٰ نہیں رہے تو لندن چلے گئے، یہ پاکستان پر حملہ کرتے ہیں لوٹتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، کل تو وزیر دفاع نے حد کردی، انہوں نے پی ٹی آئی کو بھارت کے ساتھ پارٹنر شپ کا کہا۔