اسلام آباد: جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کے الزامات پر حکومت نے کرمنل کیس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہتک عزت کا کیس فائل کررہے ہیں، بنی گالہ سے متعلق بیان کو بے جا اچھالا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی عزت نفس کا خیال نہیں رکھا جاتا، وزیراعظم کی عائلی زندگی اور بنی گالا کے گھر سے متعلق جھوٹ بولا گیا، شہریوں کو آئین کا آرٹیکل 9 بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، بدقسمتی سے ہم آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی دیکھ رہے ہیں، آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی سے وزیراعظم بھی محفوظ نہیں، وزیراعظم نے جس شخص پر احسان کیا اس نے عمران خان کی ذات پر حملہ کیا، عمران خان نے کبھی قومی خزانے پر بوجھ نہیں ڈالا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی ذات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، جہانگیر ترین نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے الزامات کی تردید کردی، کہا گیا جہانگیر ترین بنی گالا کا خرچہ دے رہے ہیں، میڈیا سے پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، اس وقت میڈیا کی آزادی کو خاص مہم کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔