نواز شریف خود نہیں آئیں گے، ہم واپس لائیں گے: وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ہم واپس لائیں گے وہ خود نہیں آئیں گے جب کہ ملزمان کی حوالگی پر برطانیہ سے بات کررہے ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کی باتیں پہلے بھی ہوئی تھیں اب بھی ہورہی ہیں، مولانا فضل الرحمان نے بھی مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کیا ہوا، یہ سارے دیہاڑی دار سیاست دان ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے ملک کو نقصان پہنچایا اس لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑرہا ہے، رانا شمیم کیس میں سیسلین مافیا بے نقاب ہوا جب کہ نواز شریف کو ہم واپس لائیں گے وہ خود نہیں آئیں گے جب کہ ملزمان کی حوالگی پر برطانیہ سے بات کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، قومی سلامتی پالیسی عام آدمی کی زندگی سے منسلک ہے اور اس سے عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ قومی سلامتی پالیسی معاشی صورت حال سے بھی منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کو یوریا کی پیداوار پر بریفنگ دی گئی، اچھی پیداوار سے کاشت کاروں کو 1100 ارب روپے اضافی آمدن ہوئی، زراعت کے شعبے پر حکومت توجہ دے رہی ہے جب کہ کھاد کا بحران پیدا ہوا ہے، عالمی منڈی میں ڈی اے پی کی قیمت 12 ہزار روپے ہے تاہم یوریا کھاد ملک میں بن رہی ہے اور بڑی پیداوار حاصل کی، حکومت کے پاس یوریا کا اسٹاک بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو بچانے کے لیے کوششیں کی گئیں تاہم کابینہ نے ناظم جوکھیو قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی منظوری دی ہے۔

EnglandFawad ChaudharyFederal Minister Information and broadcastingmedia talkNawaz sharif