لاہور: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا واحد مقصد ہے کہ کسی طرح نواز شریف کی سزائیں معاف ہوجائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جعلی ویڈیوز اور آڈیو بنانا (ن) لیگ کا وتیرہ بن چکا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کیسز حتمی مراحل میں ہوں تو یہ لوگ سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، (ن) لیگ کا واحد مقصد ہے کہ کسی طرح نواز شریف کی سزائیں معاف ہوجائیں، یہ لوگ اپنی جائیدادوں کا جواب دینے کے بجائے آئیں بائیں شائیں کررہے ہیں، رانا شمیم (ن) لیگ کے عہدیدار تھے اور انہیں چیف جسٹس بنادیا گیا لہٰذا ن لیگ کی مہم کا عدلیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمت کم ہوں گی، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔