ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کیلئے فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزا مل گیا

اسلام آباد: عرصہ دراز سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی رواں ماہ کے آخر میں امریکا جاکر ملاقات کریں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکا کا ویزا مل گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات ہوگی، فوزیہ صدیقی کے ساتھ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ بھی عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر کی فراہمی کے لیے مدد کرے۔
عدالت نے حکم دیا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات اور معلومات وکیل سے شیئر کی جائیں، امریکی وکیل کلائیو اسمتھ یقین دہانی کرائیں گے کہ معلومات کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوگی، امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ کیس تیار کرسکیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ کا شیئر کردہ ڈاکیومنٹ کانفیڈنشیل رہے گا۔
عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ہدایت کی کہ جب کبھی کوئی مسئلہ ہو تو درخواست دیں، اگلے دن سن لیں گے۔ مقدمے کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی گئی۔

Dr aafia siddiquiGot US VisaMeet SisterSister Dr Fauzia SiddiquiThis Month