اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی، جس میں اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف کے اہداف کی روشنی میں کی جانے والی قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پر مرکوز کر رکھی ہے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے دیے گئے اہداف کی روشنی میں حکومت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 منظور کرایا تھا، تاہم اسے سینیٹ میں منظوری نہ مل سکی تھی۔