نازیہ علی
پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ افواج پاکستان نے ہر بار بزدل دشمن بھارت کو ہر جنگ میں بری طرح شکست دی ہے مگر 10 مئی 2025 پاکستان کی فتح اور افواج پاکستان کی بہادری کا عظیم الشان دن، تاریخ میں فتح بُنیان مرصوص کے سنہرے حروف سے لکھا جانے والا یادگار دن ہے، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بزدل پڑوسی ملک نے پاکستان کے 5 مختلف مقامات پر ڈرون سے حملہ کیا، جس میں معصوم اور بے گناہ پاکستانیوں کی شہادتیں ہوئیں اور چالیس سے زائد لوگ زخمی ہوئے مگر کوئی نہیں جانتا تھا کہ اس جنگی فتح کی پہلی قربانی کا آغاز سات سالہ معصوم ارتضیٰ عباس کی شہادت سے ہوگا۔ 7 مئی کو شہید ہونے والا معصوم ارتضیٰ عباس لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے گھر کا معصوم چراغ تھا مگر اس معصوم کی شہادت نے دنیا کو بتایا کہ افواج پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں اور ان قربانیوں میں ان کے ننھے پھول بھی پیچھے نہیں ہیں۔
بھارت نے اپنی بزدلانہ جارحیت جاری رکھی اور پاک فضائیہ بہادری کے ساتھ دفاعی کمالات دکھاکر مختلف ڈرونز گراکے حملے کو ناکام بناتی رہی اور اسی دوران فرانس کا تیار کردہ رافیل طیارہ جس پر نریندر مودی کو بہت ناز تھا، وہ بھی گراکر مودی سرکار کا غرور مٹی میں ملادیا مگر پھر بھی بھارت نے اپنے بزدلانہ وار کم نہ کیے اور جنگی صورت حال قائم رہی۔ پاکستانی قوم اس جنگی صورت حال میں افواج پاکستان کے حوصلے بڑھاتی نظر آئی، جس میں پاکستانی میڈیا ہو یا سوشل میڈیا صارفین پوری قوم نے بھارت کو بزدل قرار دیا اور افواج پاکستان کی بہادری کی مثالیں دیں، عوام نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنسز اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تقاریر کو ناصرف سوشل میڈیا کے ذریعے سب تک پہنچایا بلکہ افواج پاکستان پر بھروسہ بھی کیا۔ افواج پاکستان نے بھارت کی جارحیت پر تحمل سے کام لیا، پاک فضائیہ کا نام رافیل طیارہ گرانے کے بعد دنیا کی پہلی مسلح افواج میں آگیا مگر بھارت نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب ایک بار پھر سے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر مختلف ڈرونز کے ذریعے حملہ کردیا، وہ رات پاکستانی قوم کے جذبے کی اعلیٰ مثال تھی جب پاکستان کا بچہ بچہ اپنی افواج کے اور اپنے وطن کے ساتھ کھڑا تھا، بالآخر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے 10 مئی کی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بُنیان مرصوص آپریشن کا آغاز کیا۔ "بُنیان مرصوص” کے الفاظ قرآن کی ایک آیت سے لیے گئے، جس کا مطلب ’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘ ہے۔ سورۃ الصف کی چوتھی آیت ہے جس میں کہا گیا ہے:
إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُم بُنْيَانٌ مَّرْصُوصٌ (القرآن)
(ترجمہ) بے شک اللہ اُن لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اُس کی راہ میں صف بستہ ہوکر لڑتے ہیں، گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔
جیسے ہی آپریشن بُنیان مرصوص کا آغاز نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری سے ہوا پاک افواج کے شیر دل شاہینوں نے دشمن کو پچھاڑ دیا اور ناصرف بھارت کا 70 فیصد حصہ اندھیرے میں ڈبو دیا بلکہ اس کے ساتھ ہی مختلف چوکیاں اور عسکری تنصیبات تباہ کردیں۔ پاک فضائیہ کے جوان کامیاب ہوکر ہوا میں لڑاکا طیاروں کے کرتب دکھاتے ہوئے داخل ہوئے اور پاکستانی قوم کے منہ سے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعرے بلند ہونے لگے، ایک طرف پاکستانی قوم افواج پاکستان کی بہادری کا جشن منارہی تھی تو دوسری جانب پڑوسی دشمن ملک میں صف ماتم بچھائی گئی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سہارا لیتے ہوئے بھارت نے پاکستان کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے سیز فائر (جنگ بندی) کا فیصلہ کیا، یہ خبر سنتے ہی پورے پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کیونکہ افواج پاکستان نے پوری دنیا کو ناصرف امن اور محبت کا پیغام دیا، بلکہ یہ بتایا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر جب کوئی وار کرے گا تو اس کو دن کے اجالے میں گھس کر مارنا جانتے ہیں۔
افواج پاکستان کا نام دنیا کی پہلی مسلح افواج میں آجانا پاکستانیوں کا فخر ہے۔ 10 مئی کا دن غزوہ بدر کی مثال یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں کی تعداد 313 اور دشمن کے جنگجو کی تعداد 1000 سے زائد تھی مگر اس وقت کی کامیابی جذبہ ایمانی تھی اور آپریشن بُنیان موصوص کی کامیابی بھی مسمانوں کی یکجہتی اور جذبہ ایمانی ثابت ہوئی، پورے پاکستان میں خوشیاں بکھر چکی ہیں اور افواج پاکستان نے قوم کو جو نیا پاکستان دیا ہے، اب اس سے بدحالی جاکر خوش حالی آنے کا وقت ہے، افواج پاکستان نے پوری قوم کو بتادیا کہ وہ ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ میری جانب سے افواج پاکستان کے جوانوں کو میرا سلام اور پوری پاکستانی قوم کو فتح بُنیان مرصوص کی ڈھیروں مبارکباد۔۔۔ پاکستان زندہ باد۔۔۔ افواج پاکستان پائندہ باد۔