اسلام آباد: فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کردیے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا ہے۔ فرخ حبیب کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔
فرخ حبیب تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور میڈیا پر اپنی جماعت کی نمائندگی کرتے نظر آتے ہیں، وہ پی ٹی آئی کی طلبہ تنظیم انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے صدر بھی رہے ہیں جب کہ 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ہی وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری سے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت سے ہٹا کر ان کو وزارت اطلاعات کی ذمے داری دی تھی جب کہ وفاقی حماد اظہر سے وزارت خزانہ اور عمرایوب سے وزارت توانائی کا چارج واپس لے کر شوکت ترین کو خزانہ، حماد اظہر کو توانائی، عمرایوب کو اقتصادی امور اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کو وزارت صنعت و پیداوار کے قلم دان سونپے گئے تھے۔