کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے چلنے پھرنے کے لیے واکنگ اسٹک کا استعمال شروع کردیا، جس پر مداحوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور وہ اس کی وجہ جاننے کے لیے بے قرار نظر آتے ہیں۔
گزشتہ روز ماہرہ خان کی دوست نینا کاشف نے اداکارہ اور اُن کے شوہر سلیم کریم کی شادی کے اعزاز میں پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں اداکارہ عائشہ عمر اور مومل شیخ سمیت اُن کے دیگر قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
نینا کاشف نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر پارٹی کی چند تصاویر پوسٹ کیں جن میں ماہرہ خان سفید اور سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس اپنے شوہر سلیم کریم اور دوستوں کے ساتھ کافی خوش نظر آرہی ہیں۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کردہ تصویر دیکھ کر مداح پریشان ہوگئے، کیونکہ مذکورہ تصویر میں ماہرہ خان واکنگ اسٹک کا سہارا لے کر سہیلی نینا کاشف کے ساتھ کھڑی ہیں۔
پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے پوچھا کہ ماہرہ خان کو آخر کیا ہوا ہے؟ وہ واکنگ اسٹک کا سہارا لے کر کیوں کھڑی ہیں؟
دوسری جانب ماہرہ خان اور اُن کی دوست نینا کاشف کی جانب سے مداحوں کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان نے رواں سال یکم اکتوبر کو اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی، پاکستان سمیت بھارت میں بھی اداکارہ کی دوسری شادی کے خوب چرچے ہوئے تھے۔
سلیم کریم کے ساتھ ماہرہ خان کی یہ دوسری شادی ہے، ماہرہ خان کی پہلی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی، جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے، لیکن اُن کی پہلی شادی 8 سال تک قائم رہ سکی اور 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔