دوحہ: مداح کی جانب سے فٹ بال کے سب سے مقبول کھلاڑی کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کا واقعہ پیش آیا ہے۔ قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ 2022 کے تیسرے کوارٹر فائنل سے قبل کرسٹیانو رونالڈو پر ایک ناراض مداح نے پانی پھینک دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو پر پانی پھینکنے کا واقعہ پرتگال اور مراکش کے درمیان ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل سے قبل پیش آیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو ڈگ آؤٹ سے نکل کر باہر آئے کہ تماشائیوں میں بیٹھے ایک شخص نے ان پر بوتل سے پانی پھینک دیا، فٹ بالر نے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا، تاہم رونالڈو کے مداح مذکورہ شخص پر چڑھ دوڑے۔
تاہم جیسے ہی یہ واقعہ پیش آیا، اس کے فوراً بعد سیکیورٹی گارڈز نے مذکورہ شخص کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔
خیال رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2022 کے کوارٹر فائنل میں مراکش رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔