کراچی: شوبز کی معروف جوڑی اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کی بیٹی کی پہلی جھلک منظرِعام پر آگئی۔
اس موقع پر فلک شبیر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اور دو تصاویر شیئر کیں، ویڈیو میں ان کی بیٹی کو سارہ خان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
گلوکار فلک شبیر نے پوسٹ پر اپنی اہلیہ سارہ خان کے لیے جذبات سے بھرپور طویل کیپشن بھی لکھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب حقیقی طاقت دکھانے اور درد برداشت کرنے کی صلاحیت کی بات آتی ہے تو خواتین سب کو مات دے دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمل کے 9 ماہ کے دوران عورت کو کئی تکالیف سمیت، سینے کی جلن، نیند نہ آنا، کمر میں درد اور موڈ میں تبدیلی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پھر اس بات کا ذہنی دباؤ کہ جو زندگی آپ کے اندر پل رہی ہے وہ صحت مند ہو۔
فلک نے مزید لکھا کہ پھر پیدائش کے وقت جو درد ماں کو محسوس ہوتا ہے وہ ایک وقت میں 20 ہڈیاں ٹوٹ جانے کے درد جیسا ہوتا ہے۔ کیا آپ ماؤں کے درد اور محبت کا تصور کر سکتے ہیں؟ سبحان اللہ!
انہوں نے لکھا کہ مجھے ماؤں کے سپر ہیرو ہونے پر یقین آگیا ہے، کیونکہ اس جہان میں وہ ہر چیز سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔
سارہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے فلک نے لکھا کہ سارہ تم صرف میری بیٹی کی ماں نہیں بلکہ میرے دل کی دھڑکن ہو، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہمیشہ تم سے محبت کروں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے عالیانہ فلک رکھا۔ اُن کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
قبل ازیں سارہ خان نے اپنے اکائونٹ سے فلک اور بیٹی کی ویڈیو شیئر کی جس میں والد بیٹی کے کان میں اذان دے رہے ہیں۔