کراچی: ملک کے صف اول کے اداکار، پروڈیوسر و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ اگر وہ اداکاری کی دُنیا میں قدم نہیں رکھتے تو آج بریانی بیچ رہے ہوتے۔
فہد مصطفیٰ نے چند ماہ قبل اداکار محب مرزا کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی، جہاں میزبان نے سوال کیا تھا کہ اگر وہ اداکار نہ ہوتے تو پھر اُن کا پیشہ کیا ہوتا؟
فہد مصطفیٰ نے جواب میں کہا کہ اگر میں شوبز انڈسٹری میں قدم نہیں رکھتا تو میرے والد صاحب مجھے بریانی کی دُکان یا پھر کوئی ہوٹل کھول کر دے دیتے۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ ماہم عامر کے والدین اور میرے والدین آپس میں بہت اچھے دوست ہیں، ماہم عامر کے والدین کا بریانی کا کاروبار ہے جو اب ماہم بھی چلا رہی ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ مجھے یاد ہے شوبز میں آنے سے قبل، ایک بار میرے والد مجھے ماہم عامر کے گھر لے گئے تھے، جہاں ماہم کی والدہ نے مجھے بریانی کا کاروبار چلانے کا طریقہ بتایا۔
اُنہوں نے کہا کہ ماہم کی والدہ نے مجھے بتایا کہ اس کاروبار میں کون کون سی مشکلات پیش آتی ہیں اور ساتھ ہی اُنہوں نے کاروبار کو کامیاب بنانے کا طریقہ بھی بتایا۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ میرے والد صاحب بریانی کے کاروبار سے اس قدر متاثر ہوئے تھے کہ اگر آج میں اداکار نہیں بنتا تو وہ مجھے بریانی کا ہوٹل کھول کر دے دیتے۔
میزبان نے سوال کیا کہ اگر آپ بریانی بیچ رہے ہوتے تو کیا آپ کی بریانی میں آلو ہوتا؟ جس پر فہد مصطفیٰ نے کہا کہ مجھے بریانی میں تو آلو کا علم نہیں لیکن ہاں میری زندگی ضرور آلو بن چکی ہوتی۔