فیس بک اس وقت دنیا کو مزید پاس لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہا ہے، ٹیکنالوجی کمپنی میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی پلیٹ فارم کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کے لیے وہ یورپ میں دس ہزار لوگوں کو بھرتی کرے گی۔
میٹاورس وہ ٹیکنالوجی ہے جسے انٹرنیٹ کے مستقبل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرف سے دوسری بڑی ایجاد میٹاورس ہو گا جو ابھی محض تصور کے طور پر موضوع بحث ہے۔
نئی ایجاد کے بعد کمپیوٹر استعمال کرنے کے بجائے میٹاورس کی ورچوئل دنیا میں جانے کے لیے آپ کو ایک ہیڈسیٹ استعمال کرنا ہو گا اور اس سے آپ تمام ڈیجیٹل انوائرنمنٹس سے رابطہ قائم رکھ سکیں گے۔
میٹاورس ایک آن لائن دنیا ہوگی جہاں لوگ وی آر ہیڈ سیٹ کے ذریعے ورچوئل ماحول میں گیم کھیلنے کے علاوہ وہاں کام اور بات چیت کر سکیں گے۔
فیس بک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ میٹاورس نئے تخلیقی، معاشی اور معاشرتی مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ ہو سکتا ہے اور یورپی لوگ اس کی تیاری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
جس سے اگلے پانچ برسوں میں ماہر انجینیئروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں سرمایہ کاری کے کئی فوائد ہیں جن میں وہاں صارفین کی بڑی مارکیٹ، اعلیٰ یونیوسٹیاں، اور انتہائی باصلاحیت لوگوں کی موجودگی ہے۔
مگر کمپنی کا خیال ہے کہ میٹاورس کو حقیقت بننے میں ابھی 10 سے 15 سال مزید لگیں گے