کراچی: اگلے ہفتے شہر قائد میں سردی میں بڑے اضافے کی پیش گوئی کردی گئی۔ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت شہر میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 24 جنوری سے سردی کی لہر اثرانداز ہوسکتی ہے اور جنوری کے آخری ہفتے کے دوران شہر میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک پر اثرانداز ہوسکتا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 23 جنوری تک ملک پر اثرانداز رہ سکتا ہے، اس سسٹم کے تحت 21 سے 23 جنوری کے دوران سندھ کے شہر سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دیگر مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ صوبے کے دیگر مقامات پر مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔