کراچی: ٹی وی اداکار و گلوکار جنید خان کا کہنا ہے کہ مردوں کو بھی اپنے احساسات کے اظہار کی اجازت ملنی چاہیے۔
جنید خان نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ جب وہ گھر پر اپنے ہی کنسرٹ کی ویڈیو دیکھ رہے تھے تو انہیں احساس ہوا کہ وہ مدتوں سے اپنے جذبات دباکر رکھ رہے ہیں۔ جنید نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب خود کو آزاد چھوڑوں گا کیونکہ جذبات کا اظہار کمزوری نہیں بلکہ انسان ہونے کی دلیل ہے۔
جنید خان کے مطابق ہمارے معاشرے میں مردوں کو سکھایا جاتا ہے کہ وہ اپنے احساسات چھپائیں تاکہ کمزور نہ سمجھے جائیں، لیکن بعض اوقات اپنے دل کی بات کہنا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جذبات کا اظہار صرف کمزوری نہیں بلکہ اندرونی طاقت کی علامت ہے، جو انسان کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے تمام مردوں کو مشورہ دیا کہ جذبات کے اظہار سے مت گھبرائیں اور اپنی انسانی کمزوری کو قبول کریں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ خود کو سامنے آنے دیں، چاہے تنہا ہوں یا اپنے بھروسہ مند لوگوں کے سامنے، کیونکہ یہی آزادی کا احساس دیتا ہے اور انہیں بھی یہی محسوس ہوا۔