لوزیانا: امریکا سے تعلق رکھنے والا نوجوانوں کا ایک گروپ اُس وقت دہشت میں آگیا جب اس نے جنگل میں ایک خوف ناک مخلوق دیکھی، جو عوام میں big foot کے نام سے جانی جاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوانوں نے فوراً خوف کے مارے پولیس کو اطلاع دی اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے چمکتی آنکھوں والے بگ فٹ جیسی مخلوق دیکھی ہے۔
پولیس کے مطابق جنوبی لوزیانا کے ہائی اسکول کے فارغ التحصیل نوجوان کیساچی نیشنل فاریسٹ میں کیمپ لگارہے تھے جب انہوں نے بِگ فُٹ کا مشاہدہ کیا۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ نوجوانوں نے جنوبی نیچیٹوچس پیرش میں بیک بون ٹریل سے ڈیڑھ میل دُور کیمپ لگانے کے دوران مخلوق کو دیکھا جو بگ فٹ سے ملتی جلتی تھی۔
17 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں پر مبنی گروپ کے ایک رکن نے 911 پر کال کی، جب انہوں نے مبینہ طور پر ایک گرج دار آواز سنی اور دیکھا کہ ایک مخلوق جھاڑیوں میں کھڑی ہے، جس کی آنکھیں چمک رہی تھیں۔