سابق وزیراعظم گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب، حلف اٹھالیا

اسلام آباد: پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سردار سیدال خان ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے، ان کے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے۔
پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی اور سردار سیدال خان کی کامیابی کا اعلان کردیا، جس کے بعد پی ٹی آئی سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔ یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھانے کے بعد نشست سنبھال لی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سیدال خان ناصر سے بطور ڈپٹی چیئرمین حلف لے لیا۔
سینیٹ سیکریٹریٹ نے آزاد سینیٹرز کو حکومت اور اپوزیشن بینچوں میں بیٹھنے سے متعلق مراسلہ تیار کرلیا ہے۔ اراکین کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے بھی نام مانگے گئے ہیں۔
نومنتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈرشپ اور اتحادی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، میں تمام ارکان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینیٹ فیڈریشن کی علامت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
قبل ازیں، نومنتخب اراکین سینیٹ کی حلف برداری کے لیے سینیٹ کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ارکان نے حلف لیا۔
پی ٹی آئی کے ارکان نے اجلاس شروع ہونے پر احتجاج کیا اور چوری کا سینیٹ الیکشن نامنظور کے نعرے لگائے۔ پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے، اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں۔
وزیراعظم نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے تہنیتی پیغام میں کہا کہ امید ہے کہ آپ آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ امید ہے کہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوش حالی کے لیے مؤثر قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کے لیے سینیٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا۔

Elected Chairman SenatePML N Sardar Saidaal KhanUnopposedYousuf Raza Gilani