مشترکہ فیصلہ ہے اصلاحات ہونے تک انتخابات میں نہیں جائیں گے، آصف زرداری

کراچی: پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات تک الیکشن میں نہیں جائیں گے۔
سابق صدر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے لیکن جلد کرواکر کیا ہوجائے گا، میں پہلے بھی کہتا رہا تھا کہ الیکشن کروائے جائیں لیکن میری نہیں سنی گئی ، اب الیکشن جلد کرواکر کیا ہوجائیگا، نواز شریف سے گزشتہ رات بات کی انہیں سمجھایا ہے، ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ جب تک انتخابی اصلاحات نہیں ہو جاتی ،انتخابات میں نہیں جائیں گے، خواجہ آصف کا بیان اپنی جگہ لیکن اصلاحات کے بعد انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے انتخابی اور نیب اصلاحات کریں گے، کوشش کریں گے نیب کا غلط استعمال نہ ہو، اس میں غیر سیاسی آفیسر رکھیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو یہاں کے مسائل کا پتا ہی نہیں، انہیں ہم قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں دے سکتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میں نہیں تو کوئی نہیں، الیکشن جلدی کروا کر یہ کیا کر لے گا، فوج غیر سیاسی ہوتی ہے تو آرمی چیف جنرل باجوہ کو سیلوٹ کرنا چاہیے یا ان سے لڑنا چاہیے، ایک کھلاڑی کون ہوتاہے کہ کسی کو میر جعفر اور میرصادق کے لقب دینے والا، اس سارے معاملے سے ثابت ہوا کہ ادارے نیوٹرل رہ سکتے ہیں، اداروں کو اپنا کام کرنے دیں بلکہ ان کی مدد کریں، بی بی کو شہید کر کے پاکستان کو توڑنے کی کوشش کی گئی، ہم مشرف کو ڈکٹیٹر کہتے تھے مگر اس کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی۔
زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بیوروکریسی اور ملک کو تباہ کر دیا گیا، آج 50ہزار تنخواہ والے کو بھی مسائل کا سامنا ہے، مسائل کا حل ہم نے خود نکالنا ہے، ہم ہمسایہ ملک سے تجارت کر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، شہباز شریف کے سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ، تاجر برادری ساتھ بیٹھے ان کے ساتھ مشاورت کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے امریکی دھمکی سے متعلق مراسلہ نہیں پڑھا، عام طور پر امریکی سفیر ایسی زبان استعمال نہیں کرتے، پی ٹی آئی نے مراسلہ خود بنایا ، امریکی صدر بائیڈن میرا دوست ،ایسی بات ہوتی تو مجھے فون کرتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہتا ہوں سندھ سے الیکشن لڑے، دیکھتا ہوں اسے کتنے ووٹ ملتے ہیں، سابق حکومت کی مدت پوری نہیں ہو رہی تھی،سسک رہی تھی، ہم نے اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی ڈینٹسٹ ہیں انہیں کیا پتا سیاست کیا ہوتی ہے، ہم انہیں ڈیل کرلیں گے، جمہوریت میں ہار جیت ہو جاتی ہے،ہمیں کوئی خوف نہیں۔

Asif ali zardariElections ReformsPPP Co ChairmanPress conference