لاہور: سابق اولمپئن اور منیجر قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تاحیات پابندی لگادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ جنید ایشیا کپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر تھے اور ایشیا کپ کے دوران جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث قومی ٹیم کا ایک گول ڈس کوالیفائی کردیا گیا اور یوں پاکستان ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے سے ناکام رہا۔
سابق سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل استعفیٰ پیش کردیا تھا۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔
پی ایچ ایف لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق کا موقف ہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے مِس کنڈکٹ کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے پاکستان ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ کمیٹی نے خواجہ جنید کو بلایا لیکن وہ نہیں آئے، جس کے باعث خواجہ جنید ہاکی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو کھلانے کا معاملہ سنجیدہ تھا، کمیٹی میں خواجہ جنید پیش نہ ہوئے انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے بتایا وہ ذمے دار نہیں ہیں۔ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق تمام معاملات کا ذمے دارمنیجر ہوتا ہے، پی ایچ ایف صدر نے پابندی کی منظوری دے دی ہے۔