قدیم دور میں انسانی باقیات بطور اوزار استعمال کرنے کا انکشاف

برن: جنوبی اسپین کے ایک غار سے محققین کو اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ وہاں دفن قدیم انسانوں کے ڈھانچوں کو کھود کر ان میں ترمیم کی گئی اور یہاں تک کہ بعد کی نسلوں نے اسے اوزار کے طور پر بھی استعمال کیا۔
سوئٹزرلینڈ کی یونیورسٹی آف برن کے محققین کی سربراہی میں ٹیم نے جنوبی اسپین کے شہر گراناڈا کے قریب ایک غار میں پائی جانے والی باقیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پایا کہ یہ باقیات کم از کم 12 مختلف لوگوں کی ہیں جنہیں 5 ہزار سال قبل مسیح سے 2 ہزار قبل مسیح کے درمیان دفنایا گیا تھا اور یہ کہ ہڈیوں میں جان بوجھ کر تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ ہڈیوں میں فریکچر اور خراشیں موجود تھیں جو گودا نکالنے کی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی تھیں۔
محققین کو انسانی پیروں کی ایک ہڈی بھی ملی جسے ایک آلے کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی آف برن میں فزیکل اینتھروپالوجی کے ریسرچ فیلو اور مطالعے کے مصنف مارکو ملیلا نے کہا کہ ہڈی کو پہلے توڑا گیا تھا اور نتیجے میں آنے والے ٹکڑے کا ایک سرا کچھ مواد کو کھرچنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

Ancient TimesHuman remainsRevealedUse as a tool