سنگیتا کی نئی فلم میں ایشل فیاض جلوہ گر ہوں گی!

کراچی: ماڈلنگ سے اداکاری کی جانب آنے والی فلم کاف کنگنا اسٹار ایشل فیاض کو نامور ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنی نئی فلم میں احسن خان اور نعمان اعجاز کے مدمقابل مرکزی کردار میں کاسٹ کرلیا۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز اسی ماہ سے ہوگا۔

سنگیتا پاکستان فلم انڈسٹری کی جانی مانی اداکارہ اور ہدایت کارہ ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر مثھی بھر چاول، کھلونا اور نکاح جیسی سپرہٹ فلمیں ہیں، انہوں نے ایشل فیاض کو ایک منفرد کردار میں کاسٹ کیا ہے۔ احسن خان اور نعمان اعجاز بھی کافی عرصے بعد ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔ پاکستانی فلم و ٹی وی کی اداکارہ ایشل فیاض کا کہنا ہے کہ میری منزل فلموں کی صف اول کی اداکارہ بننا ہے۔ میں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز ماڈلنگ اور ٹیلی وژن ڈراموں سے کیا ۔پانچ برس میں نامور ڈائریکٹر اور منجھے ہوئے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ خلیل الرحمٰن قمر کی فلم کی ہیروئن بنی۔ مجھ پر شاندار گانے فلمائے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں ایشل فیاض نے بتایا کہ ابتدا میں مجھے ڈراما سیریل ’پیمانے‘ میں عمران اشرف کے ساتھ پسند کیا گیا۔ نامور ڈائریکٹر محسن مرزا کی سیریل ’ہتھیلی‘ میں اداکار اظفر رحمان کے ساتھ لیڈ رول کیا۔ ڈراما ’آبرو‘ میں نور حسن کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھا۔
فلم کے متعلق سوال کے جواب میں اداکارہ ایشل فیاض کا کہنا تھا کہ سلور اسکرین پر کام کرنے کا علیحدہ مزا ہے۔ میں نے اداکار سمیع خان کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا، عائشہ عمر بھی فلم کی کاسٹ میں شامل تھیں۔ مجھ پر شاندار گانے فلمائے گئے۔ اب مجھے سنگیتا میڈم نے کاسٹ کیا ہے، ان کے ساتھ کام کرنے میں فخر محسوس کروں گی۔ اسی ماہ شوٹنگ شروع ہوگی۔
ایشل کے پسندیدہ فنکاروں میں مہوش حیات اور ریما شامل ہیں، استاد راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے گانے شوق سے سنتی ہیں۔

Eshal fayyazFilmSangeeta