لاہور: ترک اداکار انجن التان المعروف ارطغرل غازی نے پاکستانی ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے ساتھ معاہدہ ختم کردیا۔
مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق انجن التان دزیاتن نے پاکستانی ٹک ٹاکر اور بزنس مین کاشف ضمیر کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ مسوخ کردیا اور اب وہ شوٹنگ کے لیے پاکستان بھی نہیں آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق انجن التان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نجی فرم جس کے مالک پاکستانی بزنس مین کاشف ضمیر ہیں کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے دستبردار ہوتے ہیں۔ ترک اداکار نے اچانک کاشف ضمیر کی فرم کے ساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
کاشف ضمیر نے ترک اداکار کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا پروجیکٹ سائن کیا تھا جس کے تحت انجن التان ان کے بزنس کے ایمبیسڈر مقرر ہوئے تھے اور اسی سلسلے میں وہ گزشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر بھی آئے تھے۔
تاہم اب ایک مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق انجن التان اس معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میں پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہوں۔‘‘ اس کے علاوہ ترک اداکار نے رواں ماہ اپنا دورہ پاکستان بھی معطل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اینگن التان کو پاکستان لانے والا ٹک ٹاکر اور بزنس مین کاشف ضمیر 8 مقدمات میں ملوث ہے۔ اس کے خلاف فراڈ، امانت میں خیانت، کارچوری اور ڈکیتی سمیت کئی سنگین مقدمات درج ہیں۔