تہران: ترکیہ (ترکی) کے صدر رجب طیب اردوان اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن اہم اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے، جس میں شام میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرن میں مشرق وسطیٰ بالخصوص شام میں قیام امن کے حوالے سے ساتویں سہ فریقی سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں شرکت کے لیے ترکی اور روس کے صدور تہران پہنچ چکے ہیں اور ایرانی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ترک صدر طیب اردوان کے لیے استقبالیہ تقریب رکھی گئی جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے وفد کے ہمراہ روبرو ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتن بھی اعلیٰ سطح کے تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچے اور ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ تینوں ممالک کے سربراہان شام میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے۔