لاہور: انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ان کا کوئی کردار نہیں، برطانوی بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق انہیں اندھیرے میں رکھا۔
برطانوی اخبار کے مطابق انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں کھلاڑیوں کا کوئی کردار نہیں، ان سے تو یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ کیا آپ سفر کریں گے، انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا، یونین نے ان دعووں کی بھی تردید کی کہ فیصلے کے پیچھے انگلش کھلاڑی تھے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے پر قومی کھلاڑیوں نے بھی دکھ کا اظہار کیا، وسیم اکرم نے کہا کہ قوم اب ہر سطح پر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرے۔ معین خان نے کہا کہ دونوں ٹیموں کا دورہ پاکستان ملتوی کرنا افسوس ناک ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے، پی سی بی کو نیوزی لینڈ سے دوبارہ رابطہ کرنا چاہیے۔