کراچی: بالآخر 70 سال بعد انگلینڈ پہلی بار پاکستان کو اُس کی سرزمین پر وائٹ واش شکست دینے میں کامیاب رہا، انگلینڈ نے کراچی ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیت کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 167 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، بین ڈکٹ 82 جب کہ کپتان بین اسٹوکس نے 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں زیک کرولی نے 41 جب کہ ریحان احمد نے 10 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کی گرنے والی دونوں وکٹیں ابرار احمد نے حاصل کیں۔
پاکستان نے تیسرے روز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 216 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر شان مسعود 24 رنز، اظہر علی صفر اور عبداللہ شفیق 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے گئے لیکن یہاں بابراعظم 54 رنز بناکر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور باری باری وکٹیں گنواتے رہے۔ محمد رضوان 7 رنز اور سعود شکیل 53 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
چائے کے وقفے کے بعد آل راؤنڈر فہیم اشرف ایک رن، نعمان علی 15 رنز، محمد وسیم 2 رنز اور آغا سلمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔
پاکستان نے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں 24 اوورز میں تین وکٹیں گنواکر 78 رنز بنائے جب کہ دوسرے سیشن میں 28 اوورز میں تین وکٹیں گنواکر 78 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلا، آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیم کی جانب سے بلے فضا میں لہرا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان کے بعد انگلینڈ نے بیٹنگ کی اور 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلش بلے بازوں نے 112 رنز بناڈالے جب کہ اس کے محض دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔