پہلا ٹیسٹ: ووکس ،بٹلر نے بازی پلٹ دی، انگلینڈ کامیاب!

اولڈ ٹریفورڈ : پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کے سلسلے کا پہلا میچ میزبان ملک اعصاب شکن مقابلے کے بعد اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
پہلی اننگز میں سو رنز سے زائد کی برتری اور پوزیشن مضبوط ہونے کے باوجود پاکستان مقابلہ ہار گیا۔ 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر محض 117 رنز پر انگلینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی، اس کے بعد بٹلر اور ووکس نے ذمے دارانہ باریاں کھیل کر انگلستان کی 3وکٹوں سے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور مشکل وقت میں بالترتیب 75اور84رنزناٹ آؤٹ کی عمدہ باریاں کھیلیں۔ دونوں کے درمیان 139 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ یاسر شاہ نے انگلش بیٹسمینوں کو خاصا پریشان کیا اور 4 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، تاہم دیگر گیند باز اُن کا ساتھ دے سکے اور نہ اتنی متاثر کُن بولنگ کا مظاہرہ کرسکے۔
میچ کی پہلی اننگز میں شان مسعود کی شان دار سنچری 156 رنز سے تقویت پاتے ہوئے پاکستان نے 326 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ بابر اعظم نے 69 رنز کی باری کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور آرفر نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 219 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ پوپ 62 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 جب کہ محمد عباس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ کسی بھی بیٹسمین کے بیٹ نے رنز نہیں اُگلے اور پوری ٹیم محض 169 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ یاسر شاہ 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے براڈ نے 3 جب کہ اسٹوکس اور ووکس نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ یوں انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا، جو اُس نے بٹلر اور ووکس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت حاصل کرلیا۔ یوں انگلینڈ کو تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

1st testengland wonPakistan lost