ایڈیلیڈ: انگلینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں بھارت کو 10 وکٹوں کی عبرت ناک شکست، فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کے درمیان 170 رنز کی فتح گر شراکت داری رہی۔
آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا، جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی نے اس ورلڈکپ میں چوتھی مرتبہ 50 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 5، کپتان روہت شرما 27، سوریا کمار 14 اور رشبھ پنت 6 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کے کرس جورڈن نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
دوسری جانب آج انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ اور ڈیوڈ ملان انجری کے سبب نہیں کھیل رہے۔
گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ورلڈکپ کا فائنل اتوار 13 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔