بیجنگ: فٹنس کے شوقین اکثر افراد ورزش کے دوران اپنی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے انرجی ڈرنکس کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم ان مقبول مشروبات کے غیر ارادی نتائج ہوسکتے ہیں، خاص طور پر بالوں کی صحت کے لیے۔
اگرچہ انرجی ڈرنکس کیفین اور شوگر کے ذریعے فوری تقویت فراہم کرتے ہیں، لیکن وہ بالوں کے گرنے سمیت کئی ضمنی اثرات سے بھی منسلک ہیں۔
کئی عالمی مطالعات نے مجموعی صحت پر انرجی ڈرنکس کے اثرات کی تحقیقات کی ہیں اور ان کے استعمال اور بالوں سے متعلق مسائل کے درمیان تعلق کو ظاہر کیا ہے۔
یہ سمجھنا کہ یہ مشروبات بالوں کی صحت کو کس طرح متاثر کرتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ افراد کو اپنی خوراک اور طرز زندگی کے بارے میں بہتر انتخاب کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
انرجی ڈرنکس میں کیفین، شوگر، امینو ایسڈز اور مختلف غذائی اجزا سمیت سپلیمنٹس کا مجموعہ ہوتا ہے اور یہ سب بالوں کی صحت پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ نیوٹریئنٹس جرنل میں شائع شدہ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ کیفین اور شوگر کا زیادہ استعمال ہارمونل توازن میں خلل ڈالتا ہے، جس سے بالوں کے پتلے ہونے اور گرنے میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ اثر مردوں میں خاص طور پر نمایاں ہے۔
بیجنگ کی سنگھوا یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ انرجی ڈرنکس کا باقاعدہ استعمال مردوں کے گنج پن کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھا سکتا ہے۔ ان مشروبات میں بعض محرکات کی موجودگی بالوں کے گرنے کو تیز کرسکتی ہے، خاص طور پر جب اسے وقت کے ساتھ کثرت سے استعمال کیا جائے۔
زیادہ تر انرجی ڈرنکس میں کیفین ایک بنیادی جزو ہے، جو افراد کو چوکنا اور توانا رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ تاہم طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ کیفین جسم میں انسولین کی سطح کو بڑھاسکتا ہے، جس کے نتیجے میں بالوں کے گرنے سے براہ راست تعلق رکھنے والا ہارمون ڈائی ہائیڈروٹیسٹوسٹیرون (DHT) کی پیداوار کو تیز کرتا ہے۔