نیویارک: ایلون مسک کی بیٹی ویوین جینا ولسن نے ماڈلنگ کا آغاز کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دُنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ٹرانس جینڈر بیٹی ویوین نے 15 مئی کو معروف فیشن برانڈ ’وائلڈ فینگ‘ کی نئی مہم کا حصہ بن کر اپنے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کیا ہے، یہ ایک ایسی مہم ہے جو شناخت، خوداعتمادی اور خود اظہار کے موضوع پر مبنی ہے۔
21 سالہ ویوین جو مصنفہ جسٹین ولسن اور ایلون مسک کی بیٹی ہیں، نے اس تشہیری مہم کی تصاویر اور ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں، جن میں وہ پراعتماد انداز میں مختلف ملبوسات میں ماڈلنگ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویوین نہ صرف اس مہم کا چہرہ ہیں بلکہ انہوں نے اس کے لیے ایک خصوصی ٹی شرٹ بھی ڈیزائن کی ہے، جس کی تمام آمدنی دی ٹریور پراجیکٹ کو دی جائے گی، جو LGBTQ+ نوجوانوں کے لیے خودکشی سے بچاؤ اور بحران سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
وائلڈ فینگ کی سی ای او ایما میکلروئے کے مطابق ویوین بہادری، ذہانت اور بے باک شخصیت کی علامت ہیں۔
یاد رہے کہ ویوین نے 2022 میں اپنا نام اور جنس قانونی طور پر تبدیل کرنے کے لیے درخواست دی تھی، جس کے باعث وہ خبروں کی سرخیوں کا حصہ بنی ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنے والد کا سر نیم بھی ترک کردیا تھا اور اُن سے تمام تر تعلقات ختم کرلیے تھے۔