یکم جولائی سے بجلی نرخ میں ہوش رُبا اضافے کا اندیشہ

اسلام آباد: عوام پر پٹرول بم گرے زیادہ دن نہیں گزرے کہ اب بجلی کے نرخ میں بڑے اضافے کی خبریں گردش کررہی ہیں، بتایا جارہا ہے کہ یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ تک اضافے کا اندیشہ ہے۔
وزارت توانائی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف کی مد میں کیا جائے گا اور اضافےکا فیصلہ 10 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر نیپرا کے فیصلوں کے بعد ہوگا، نیپرا ان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کی درخواستوں پر سماعتیں مکمل کرچکا، جس کے بعد رواں ہفتے ہی نیپرا کی طرف سے فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیصلے جاری ہونے کے بعد پاور ڈویژن بجلی کی قیمت بڑھانے کا حتمی فیصلہ کرسکے گی اور نیپرا کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی کا فیصلہ بھی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق فیول پرائسز، مہنگا ڈالر، گردشی قرضہ اور کمپنیوں کے نقصانات کے سبب بجلی مہنگی ہوگی تاہم قیمتوں میں اضافہ یکمشت نہیں مرحلہ وار ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ساڑھے 16 روپے فی یونٹ سے زیادہ ہے، نیپرا اور وزارت توانائی کا فیصلہ آنے پر اوسط بنیادی ٹیرف 24 روپے سے تجاوز کرسکتا ہے۔

electricity rate increaseExpectedJulyNepra