اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں رواں سال سے الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آلودگی کی وجہ سے لوگ بیمار ہوتے ہیں، تاہم وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنیا میں بغیر ڈرائیور کے بسیں چلیں گی جب کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہوگا، جہاں الیکٹرک بسیں چلیں گی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی طلب کو سامنے رکھتے ہوئے 10 سالہ پالیسی بنانا ہوگی، آنے والے 10 برسوں میں ہمارا انرجی کا مسئلہ ہے، پاکستان نے اپنی رینوایبل انرجی پالیسی دی ہے، اس میں ہم سولر اور ونڈ انرجی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے جب کہ اگلے 3 سے 5 برسوں میں شاید موبائل بیٹریز کو ریچارج کی ضرورت ہی نہ پڑے، بجلی کی تاریں اور گرڈ اسٹیشن بھی ختم ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا آنے سے پہلے ہم ہر چیز درآمد کررہے تھے، تاہم اب پاکستان کورونا سے متعلق مصنوعات کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی اور 3 برسوں میں پاکستان میں ان بسوں کی مکمل مینوفیکچرنگ بھی شروع ہوجائے گی۔