اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو شائع کردی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرائے جائیں گے، حتمی فہرست کے بعد 54 دن کا الیکشن پروگرام ہوگا۔
دھیان رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا تھا۔
اس حوالے سے نگراں حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا، جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز جاری ہونے والی ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران انتخابات ہونے سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا امکان ہے جب کہ دو روز قبل سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون کنور دلشاد نے بھی ایک بیان میں کہا تھا الیکشن 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے، تاہم الیکشن کی تاریخ کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کو ہی کرنے کا اختیار ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن پر تاریخ کے لیے دباؤ نہیں ڈال سکتا۔