ایک اور زینب کا زیادتی کے بعد قتل!

چارسدہ: ایک اور ننھی زینب کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی کو پہلے اغوا کیا گیا اور پھر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اغواکاروں نے قتل کردیا، بچی کی شناخت زینب کے نام سے ہوئی ہے جس کو گزشتہ روز اغوا کیا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ 18 گھنٹے پہلے جنسی زیادتی کی گئی جب کہ زیادتی کے بعد بچی کا پیٹ اور سینہ چھری سے کاٹ دیا گیا، ڈی این اے کے لیے بچی کے جسم کے نمونے خیبر میڈیکل کالج پشاور بھجوائے گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آئی جی پی اور دیگر حکام کو بچی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا، واقعہ انتہائی دل خراش اور انسانیت سوز ہے، ملوث افراد کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔

#Child rape#ZainabKPK