دبئی: دبئی کی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے عیدالفطر کی چار روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا جو 19 مارچ کو شروع ہوں گی جب کہ نجی ملازمین کو 19 تا 21 مارچ چھٹیاں دی گئی ہیں۔ اگر تیس روزے ہوتے ہیں تو اُن کی چھٹیاں 22 مارچ تک ہوں گی۔
دوسری جانب اس بار عید کی روایتی رونقیں ماند پڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث لوگوں میں بے چینی اور غیر یقینی کی فضا پائی جاتی ہے۔
بازاروں اور شاپنگ مالز میں وہ گہما گہمی نظر نہیں آ رہی جو عموماً عید سے قبل دیکھنے کو ملتی ہے۔ کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ خطے کی موجودہ صورت حال نے خوشیوں کو ماند کردیا ہے اور لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں کہ ایسے حالات میں عید کیسے منائی جائے گی۔
دکان داروں کے مطابق عید قریب ہونے کے باوجود خریداروں کی تعداد کم ہے جب کہ بہت سے لوگ غیر یقینی حالات کے باعث غیر ضروری خریداری سے گریز کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پورے خطے میں کشیدگی اور جنگ کی خبریں گردش کر رہی ہوں تو عید کی خوشیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال نہ صرف معیشت بلکہ عوامی زندگی پر بھی اثر انداز ہورہی ہے، جس کے باعث عید کی تیاریاں اور تقریبات بھی محدود ہوتی جارہی ہیں۔